کراچی(این این آئی) شہر قائد کے ضلع وسطی میں کورونا وائرس کی سب سے خطرناک قسم کے 2 کیسز سامنے آئے ہیں۔ضلع وسطی کی انتظامیہ نے برطانوی قسم کے کورونا وائرس کی تصدیق کردی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی میں کورونا وائرس کی سب سے خطرناک قسم
سامنے آئی ہے اور اس کے 2 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، وائرس کی تصدیق ضلع وسطی کے علاقے نارتھ کراچی کے رہائشی ذیشان شیخ میں ہوئی ہے۔ذرائع محکمہ صحت کے مطابق ذیشان شیخ نامی شہری میں کورونا وائرس کی سب سے خطرناک قسم پائی گئی ہے، مذکورہ وائرس سب سے تیزی سے پھیلنے والا ورژن ہے اور یہ وائرس برطانیہ اور انڈیا سے مماثلت رکھتا ہے۔ڈی سی سینٹرل راجا دھاریجو کے مطابق کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد مذکورہ شخص کو گھر میں 2 ہفتوں کے لیے قرنطینہ کردیا گیا ہے جب کہ اطراف کے علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ گھر اور گلی میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون نافذ ہے، جو 26 اپریل سے 10 مئی تک نافذ العمل رہے گا۔ضلعی انتظامیہ نے اپنے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی برطانوی قسم انتہائی تیزی سے پھیلتی ہے، متاثرہ گھر اور علاقے میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاون لگایا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں کے لوگوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی لگادی ہے اور علاقے میں تمام کاروباری و صنعتی سرگرمیاں معطل کردی ہیں۔