اسلام آباد(آن لائن ) پاکستان نے کورونا ویکسین کی ساڑھے تین کروڑ خوراکوں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا ۔پاکستان نے کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے چینی کمپنیوں سے معاہدہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے چین کی 3 نجی کمپنیوں سے ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے کین سائنو کی سنگل ڈوز کی 2 کروڑ خوراکیں خریدی ہیں جبکہ سائنو ویک ویکسین کی 50 لاکھ ڈوزز خریدی ہیں۔ دریں اثناء چین سے کورونا ویکسین لے کر پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی پرواز بیجنگ سے اسلام آباد پہنچ گئی۔سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 6854 کورونا ویکسین لے کر اسلام آباد پہنچی۔ ذرائع کے مطابق بوئنگ 777 نے شام 6 بج کر 13 منٹ پر اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔چین سے پاکستان کے لیے کورونا ویکسین لانے والی پی آئی اے کی ایک دن میں تیسری پرواز ہے۔بیجنگ سے قومی ایئرلائنز کے دو بوئنگ 777 اتوار کی رات اور صبح سویرے اسلام آباد پہنچے تھے۔