آکلینڈ(صباح نیوز)وٹامن ڈی کو ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے نا گزیر سمجھا جاتا ہے اور ہڈیوں کے بھربھرے پن سے بچاؤ، فریکچر کے احتمال اور کمزور ہوتی ہڈیوں کے لیے وٹامن ڈی ہی کو آخری امید سمجھا جاتا ہے لیکن نئی تحقیق نے اس نظریے کی تردید کی ہے۔ماہرین کا خیال رہا ہے کہ کیلشیم کے
جسم میں جذب ہونے کے لیے سب سے مددگار و معاون عنصر وٹامن ڈی ہی ہے اس لیے کیلشیم کی گولیوں کے ساتھ وٹامن ڈی کی گولیاں بھی تجویز کی جاتی ہیں،تاہم آکلینڈ یونیورسٹی کے محققین نے مختلف رنگ، نسل، زبان اور عمر کے حامل53 ہزار سے زائد افراد کو دو سال سے زائد عرصے تک وٹامن ڈی کی گولیاں دیں تاہم اس کے باوجود ہڈیاں بھربھرے پن کا شکار ہوئیں اور فریکچر بھی ہوئے۔تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا کہ وٹامن ڈی کے مستقل استعمال کے باوجود ان افراد کی ہڈیوں کی کثافت میں اضافہ نہیں ہوا بلکہ بڑھتی عمر کے ہڈیوں پر وہی اثرات مرتب ہوئے جو وٹامن ڈی نہ لینے والے افراد پر مرتب ہوئےتاہم تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ وٹامن ڈی نے بچوں میں ہڈیوں کی بیماری رکٹس اور ہڈیوں کے نرم پڑ جانے کی بیماری آستیوملایسیا سے بچائو میں اہم کردار ادا کیا۔