لاہور(این این آئی) محکمہ صحت پنجاب نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں کرونا وائرس سے نوجوان لڑکیوں کے بر عکس لڑکے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔اعداد و شمار میں یہ چشم کشا انکشاف سامنے آیا ہے کہ صوبے میں ضعیف العمر افراد کرونا سے سب سے کم متاثر ہوئے، مردوں میں 51 ہزار 80 کرونا کے شکار جبکہ 50 ہزار 81 مشکوک کیسز ہیں۔خواتین میں 23 ہزار 70 کرونا سے متاثر ہیں جبکہ 19 ہزار 89 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے، پنجاب میں کرونا سے سب سے زیادہ متاثرہ افراد 31
سے 45 سال کے ہیں، محکمہ صحت نے بتایا کہ اس ایج بریکٹ میں 22 ہزار 978 نوجوان کرونا سے متاثر ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق 16 سے 30 سال کی عمر کے 21 ہزار 285 افراد کرونا کا شکار ہیں، 46 سے 60 سال کے 15 ہزار 897 افراد وائرس کا شکار ہوئے، 61 سے 75 سال کے 7 ہزار 665 افراد کرونا متاثرین ہیں۔وائرس سے سب سے کم متاثر ہو نے والے 75 سال سے زیادہ عمر کے افراد ہیں، پنجاب میں 75 سال سے زائد عمر کے کرونا کے شکار افراد کی تعداد 1319 ہے۔