کراچی (نیوز ڈیسک) ایک نئی تحقیق کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ 20؍ سال سے کم عمر افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے اتنے ہی امکانات ہیں جتنے 20؍ سال سے زائد عمر کے افراد میں ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحقیق کے نتائج ایسی حکومتوں کے آئندہ کے اقدامات میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں جو وبائی مرض پھوٹنے کے بعد سے تعلیمی اداروں کی بندش اور انہیں دوبارہ کھولنے کے معاملے میں دبائو کا شکار ہیں۔ لندن اسکول آف ہائیجین اینڈ ٹروپیکل میڈیسن نے
تحقیقی ماڈل کے ذریعے بتایا ہے کہ 20؍ سال سے کم عمر افراد میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خطرہ 20؍ سال سے زائد عمر والوں سے زیادہ ہے۔ یہ ماڈل چین، اٹلی، جاپان، سنگاپور، کینیڈا اور جنوبی کوریا کے متاثرین کی تعداد اور عمریں دیکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 10؍ سے 19؍ سال کے افراد میں کورونا سے متاثر ہونے کی علامتیں صرف 21؍ فیصد تک ظاہر ہوتی ہیں جبکہ 70؍ یا اس سے زائد عمر کے افراد میں علامات 69؍ فیصد تک نظر آتی ہیں۔