اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ اسد عمر نے درست اعدادرو شمار بتائے ہیں ، عوام سے کچھ نہیں چھپائیں گے ،چاہتے ہیں لوگوں کو پتا چلے کے آنے والے دنوں میں کن حالات کا سامنا کرنا پڑیگا،آنے والے دنوں میں کسی شہر کے کورونا مریضوں کو اپنے شہر کے ہسپتال میں بستر نہ ملے تو ضرورت پڑنے پر
دوسرے شہروں کے ہسپتالوں میں منتقل کرنا پڑے گا۔ ایک انٹرویومیں معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ اسد عمر نے جو اعداد و شمار پیش کیے ہیں یہ وہ نتیجہ ہے جو ہم ہر ہفتے باقاعدگی کے ساتھ مشترکہ تحقیق کرتے ہیں، ہم نے سوچا کہ اسے عوام کے سامنے لایا جائے کیونکہ ہم کچھ چھپانا نہیں چاہتے تاکہ لوگوں کو پتا چلے کے آنے والے دنوں میں کن حالات کا سامنا کرنا پڑیگا۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ایس او پیز بتائے گئے ہیں اور اس کا نہ صرف اطلاق ہوگا بلکہ انتظامی طور پر بھی اسے یقینی بنایا جائے گا۔معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن تو ہورہا تھا لیکن جیسا ہونا چاہیے تھا ویسا نہیں ہوا تو اس میں بھی تبدیلی کی گئی ہے لہٰذا پنجاب میں جو بہت زیادہ آبادی والے علاقے ہیں انہیں مکمل لاک ڈاؤن کریں گے۔ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کیسز کی تعداد کم ہوسکتی ہے لیکن آنے والے دنوں میں کسی شہر کے کورونا مریضوں کو اپنے شہر کے اسپتال میں بستر نہ ملے تو ضرورت پڑنے پر انہیں دوسرے شہروں کے اسپتالوں میں منتقل کرنا پڑے گا۔ان کا کہنا تھا کہ جون کے آخر تک آکسجینیڈ بیڈز کی سہولت فراہم کریں گے اور جولائی میں اس سے زیادہ ہی بنائیں گے۔