لاہور( این این آئی)کورونا وائرس کے پھیلائو میں شدت کے بعد پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی نے پنجاب پولیس کو 14 دن کیلئے سیمپلز بھجوانے سے روک دیا ، فیصلے کے بعد پولیس کا تفتیشی نظام مزید سست ہونے کا امکان پیدا ہو گیا ۔بتایا گیا ہے کہ پنجاب کی واحد ٹیسٹنگ لیبارٹری فرانزک سائنس ایجنسی نے ایویڈنس ریسیونگ یونٹ کو چودہ روز کے لئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مراسلے کے
مطابق پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کا ایویڈنس ریسیونگ یونٹ 16 جون سے 30 جون تک بند رہے گا ۔ پولیس کی جانب سے ڈی این اے اور دیگر ٹیسٹنگ سیمپلز بھجوائے جاتے تھے لیکن اب 30جون تک کسی قسم کا کوئی شہادتی سیمپل ریسیو نہیں کیا جائے گا ۔مراسلے کی کاپی آئی جی پنجاب ، سی سی پی او لاہور ، آر پی اوز ،ڈی پی اوز اور سی پی اوز کو ارسال کر دی گئی ہے۔