برسلز(این این آئی)یورپ میں کورونا وائرس کے بچائو کے لیے ویکم الائنس نے ادوایات تیار کرنے والی والی کمپنی آسٹرا زینیکا کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کردیئے۔ اس اتحاد میں جرمنی، فرانس، اٹلی اور نیدرلینڈ شامل ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن حکومت نے
ایک بیان میں کہا کہ اس معاہدے کے تحت کمپنی ویکسین بنتے ہی یورپ کو 40 کروڑ خوراکیں دے گی۔ یہ ویکسین یورپی یونین کے ممبر ممالک کو دی جائے گی۔کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ اس ویکسین کی پیداوار بڑھانے اور کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے کوشاں ہے اور وہ یہ ویکسین بغیر منافع کے فراہم کرے گی۔کمپنی کا یہ بھی کہنا تھا کہ انھیں امید ہے کہ ویکسین کی فراہمی اس سال کے اختتام سے پہلے ہی شروع ہوجائے گی۔کمپنی کے چیف ایگزیکٹو پاسکل سوریو کا کہنا تھا کہ اگر سب کچھ صحیح چلتا رہا تو یورپ میں رہنے والے لاکھوں افراد کو یہ ویکسین مل سکے گی۔ اور ہمیں اس بارے میں موسمِ گرما کے اختتام تک معلوم ہو جائے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ویکسین بنانے سے متعلق ابتدائی اعداد و شمار کی بنیاد پر وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ ویکسین کارآمد ثابت ہوگی۔