اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی بڑی تعداد ریکوری کی اسٹیج پر ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی شرح ایک اعشاریہ 4 فیصد ہے جبکہ متاثرہ مریضوں میں سے بڑی تعداد ریکوری کی
اسٹیج میں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملک میں اب تک 429 افراد مہلک وائرس سے مکمل طورپر صحت یاب ہوچکے ہیں تاہم 28 مریض ابھی آئی سی یو میں ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ملک میں اِس وقت 18 لیبارٹریز ہیں جو کورونا وائرس کے پی سی آر ٹیسٹ کرسکتی ہیں جبکہ مستقبل میں لیبارٹریز کی تعداد 32 اور پھر 40 تک لے جائیں گے اور کورونا کی کِٹس لاکھوں میں دستیاب ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ پورے ملک میں جمعرات سے اسپتالوں کو براہ راست 153 وینٹی لیٹرز پہنچانا شروع کر رہے ہیں، طبی عملے کو حفاظتی کِٹس براہ راست فراہم کریں گے، جمعرات سے احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں کو امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں ملک میں کورونا ٹیسٹ کرنے کی یومیہ صلاحیت 20 ہزار تک لے جائیں گے، موجودہ صلاحیت تقریباً ساڑھے چھ ہزار ٹیسٹ یومیہ کی ہے۔خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے باعث اب تک 55 اموات ہوچکی ہیں جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 4 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔