برلن(این این آئی)جرمنی میں سائنسدان کورونا وائرس کے علاج کے لیے ویکسین تیار کرنے کے لیے دن کے چوبیس گھنٹے اور ہفتے کے ساتوں دن سرگرم ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے ایک سروے میں کہاگیاکہ 170 سے زائد لیبارٹریز نے مارچ کے وسط میں کووڈ انیس کے لیے نمونے جمع کیے۔ یومیہ بنیادوں
پر کووڈ انیس کی تشخیص کے لیے ہزاروں افراد کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ پچھلے ہفتے مجموعی طور پر ساڑھے تین لاکھ افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ لیکن اس ضمن میں جرمنی کو بھی ساز و سامان کی کمی کا سامنا ہے۔ جرمنی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 84 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ گیارہ سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔