دبئی(این این آئی)دبئی میں حکام نے تین دواخانوں کو چہرے کے ماسک اور سینی ٹائزر مہنگے داموں فروخت کرنے پر جرمانے عاید کیے ہیں۔متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق دبئی اکانومی کے شعبہ تحفظ صارفین (سی سی سی پی) نے الجمائرہ ،الخوانیج اور مردیف میں تین فارمیسیوں کو چہرے کے ماسک اور سینی ٹائزر کی
قیمتوں میں ردوبدل کرنے پر جرمانے عاید کیے گئے ہیں۔ان میں سے دو فارمیسیوں نے چہرے کے ماسک کی قیمت کو از خود بڑھا لیا تھا اور تیسرا دوا خانہ سینی ٹائزر کو زیادہ قیمت پر فروخت کررہا ہے۔بہت سے صارفین نے حکام کو ان اشیاء کو مہنگے داموں فروخت کرنے کی شکایت کی تھی۔سی سی سی پی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اگر ان دوا خانوں نے دوبارہ ان اشیاء کو مہنگے داموں فروخت کیا تو ان پر دْگنا جرمانہ عاید کیا جائے گا اور انھیں بند بھی کیا جاسکتا ہے۔دبئی اکانومی نے ملک میں کاروبار کرنے والے تمام اداروں پر زوردیا ہے کہ وہ چہرے کے ماسک ، سینی ٹائزر اور جراثیم کش اشیاء کو مہنگے داموں فروخت کرنے سے گریز کریں۔اس نے دواخانوں اور طبی سامان مہیا کرنے والوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی سماجی ذمے داری کا احساس کرتے ہوئے جراثیم کش اشیاء کی قیمتوں میں ازخود ہی کمی کریں۔