جنیوا ( آن لائن ) عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء کا مرکز اب چین سے یورپ منتقل ہو چکا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل تیدروس ادہانوم گیبریسًس نے جنیوا میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ یورپ اب عالمگیر وباء کے پھیلاؤ کا مرکز بن چکا ہے۔عالمی ادارے کے اعلیٰ ہنگامی ماہر مائیک ریان نے زور دے کر کہا کہ اندھا دھند سفری پابندیاں غیر مؤثر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فوراً سفری پابندیاں عائد کرنے والے ممالک بھی بالآخر اس کی لپیٹ میں آئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کیس کی تصدیق، متاثرہ افراد کی دوسروں سے علیحدگی اور معائنوں میں اضافہ زیادہ اہم ہیں۔چیف ٹیکنیکل افسر ماریا وان کیرخوو نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت اس بات کی پیشگوئی نہیں کر سکتا کہ عالمگیر وباء کب بلند ترین سطح تک پہنچے گی۔ انہوں نے مزید کہا، ’ہمیں ہر قسم کی صورتحال کے لیے تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ عالمگیر وباء کے گراف اور ہر ملک میں وباء کے گراف کا انحصار ہر ملک کے اقدامات پر ہے۔انہوں نے چین کے جارحانہ اور جامع اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طریقہ کار نے ملک کو وباء سے نمٹنے والا ملک بننے میں مدد دی