بیجنگ (این این آئی) کرونا 76 ممالک پہنچ گیا، امریکا میں چھ ہلاکتیں، چین میں مزید 31 افراد جان لیوا وائرس کی بھینٹ چڑھ گئے، مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 945 ہو گئی۔ اٹلی میں اب تک 52 افراد جان سے گئے، جرمنی میں 28 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں کرونا کے بڑھتے سائے، 76 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا۔ امریکا میں مہلک وائرس سے چھ افراد ہلاک ہو گئے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کی سالانہ 64 ویں ویمن کانفرنس بھی کرونا کی وجہ سے مختصر کر دی گئی۔ اٹلی میں اب تک 52 افراد جان سے جا چکے ہیں۔سعودی عرب، تیونس، مراکش اور سینیگال میں بھی کرونا کا ایک ایک مریض سامنے آ گیا۔ جنوبی کوریا میں تین مزید افراد ہلاک ہو گئے۔امریکی صدر نے میڈیکل کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ جلد ازجلد کرونا کی ویکسین تیار کریں۔ ٹوئٹر نے اپنے ملازمین کو ہدایت کی کہ کرونا سے بچنے کے لیے وہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر کام کریں۔چین میں کرونا سے مزید 31افراد ہلاک ہوگئے جس کے بعد صرف چین میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار نو سو تینتالیس ہوچکی ہے۔ جبکہ اسی ہزار افراد ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔