لاہور(این این آئی)پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ملاوٹی دودھ کی سپلائی کے خلاف مسلسل کریک ڈاؤن جاری ہے۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی سر براہی میں بابو صابوانٹر چینج پر رات گئے تک ناکہ بندی کرکے جعلی اور ملاوٹ زدہ دودھ کی سپلائی ناکام بنادی گئی۔
ڈیری سیفٹی ٹیموں نے دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 25 ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کے دوران 15 ہزار لیٹرناقص دودھ تلف کر دیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ ضائع کیے گئے دودھ کی ایل آر انتہائی کم، یوریا اورآلودہ پانی کی ملاوٹ پائی گئی۔کارروائیوں کے دوران دودھ بردارگاڑیوں کے ٹینکرز انتہائی گندے اور بدبودار پائے گئے۔یادرہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں ایک لاکھ سے زائد لیٹر دووھ چیک، 50ہزار لیٹر ملاوٹی دودھ تلف کیا جا چکا ہے۔عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ جدید مشینوں سے چیکنگ ہونے پر تمام قسم کی ملاوٹ فوری پکڑی جا رہی ہے۔کیمیکل زدہ دودھ بچوں اور بڑوں میں خطرناک بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔عوام تک خالص اور معیاری دودھ کی یقینی فراہمی کیلئے ڈیری سیفٹی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر دودھ بردار گاڑیوں کی چیکنگ کرتی ہیں۔