کراچی(این این آئی)کرونا وائرس کے پھیلائو میں اضافے کے پیش نظر پی آئی اے نے جاپان اور چین کیلئے فلائٹ آپریشن 15 مارچ تک معطل کردیاہے۔پاکستان نے احتیاطی تدابیر کے تحت چین کے لیے پروازوں کو بند کردیا ہے۔ پاکستان میں تاحال کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق چین اور جاپان میں کرونا وائرس کے مسلسل پھیلائو کے پیش نظر
پی آئی اے نے پاکستان سے چین اور ٹوکیو کے لئے فضائی آپریشن معطل کردیا ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کا جاپان اورچین کیلئے فضائی آپریشن 15مارچ تک معطل رہے گا۔ 15 مارچ کے بعد فضائی آپریشن کی بحالی یا معطلی میں توسیع کا فیصلہ آئندہ ہفتہ کیا جائے گا۔پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا ہے کہ اگلے ماہ حکومت پاکستان فیصلہ کرے گی کہ چین کے ساتھ پروازوں کو 15 مارچ کے بعد بھی بند رکھنا ہے یا فلائٹ شیڈول بحال کرنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صورتحال کے پیش نظر بیجنگ اور ٹوکیو جانے والے مسافروں کو پیشگی اطلاع کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلا ئوکے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ پاکستان نے چین کے لئے پروازیں بند کی ہیں۔ اس سے قبل پاکستان نے 29 جنوری سے 2 فروری تک چین کے لیے پروازوں کو بند کیا تھا۔ پاکستان نے ہوائی اڈوں پر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے بعد چین سے پروازوں کے آنے کی اجازت دی تھی۔