تہران(این این آئی)ایران میں حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کے پھیلائو کی روک تھام میں ناکامی پر عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پرنکل آئے۔عرب ٹی وی کے مطابق تہران میں طالش کے مقام پر نورانی اسپتال کے باہر شہریوں نے کرونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقعے پرپولیس اور مظاہرین میں تصادم ہوا اور پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے
ان پرپرتشدد حربے استعمال کیے۔قبل ازیں ہفتے کے روز ایرانی حکام نے کرونا سے متاثرہ ایک اور شخص کی وفات جبکہ 10 نئے مریضوں میں کرونا کی تشخیص کی تصدیق کی جس کے بعد کرونا سے ایران میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5 اور متاثرین کی 28 ہوگئی ہے۔ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جاھان بور نے سرکاری ٹی وی کو بتایا کہ ’’کوفیڈ 19‘‘ وائرس(کرونا) کے مزید 10 کیسز سامنے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں افسوس ہے کہ کرونا کا شکار ایک مریض چل بسا ہے۔تاہم ترجمان نے فوت ہونے والے مریض کی جگہ کی نشاندہی نہیں کی۔ البتہ انہوں نے کہا کہ کرونا کے 8 مریضوں کا علاج قم اور دو کا تہران کے اسپتالوں میں کیا جا رہا ہے۔