پیرس (این این آئی)چین سے شروع ہونے والے مہلک کورونا وائرس کے اثرات براعظم ایشیا سے باہر تک سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور اس سے یورپی ملک فرانس میں پہلا شخص ہلاک ہوگیا ۔ فرانسیسی وزیر صحت اگنیس بوزین کا کہنا تھا کہ ایک 80 سالہ چینی سیاح نئے کورونا وائرس سے فرانس میں ہلاک ہوا۔
یہاں یہ واضح رہے کہ ایشیا کے باہر کورونا وائرس سے ہلاکت کا یہ پہلا کیس ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں پیرس کے ہسپتال میں جنوری کے آخر سے زیرعلاج مریض کی موت کے بارے میں بتایا گیا۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ کئی دن تک نازک حالت میں رہنے کے بعد مریض کی طبیعت ’تیزی سے خراب‘ ہو رہی تھی۔فرانسیسی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ اس وقت فرانس کے ہسپتال میں وائرس کے 6 مریض ہیں تاہم اس میں کوئی زیادہ بیمار نہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان میں سے ایک 50 سالہ خاتون ہیں جو مرنے والے چینی شہری کی بیٹی ہیں جبکہ دیگر افراد برطانوی شہری ہیں جو ایک فرانسیسی اسکی ریزارٹ میں اپنے ساتھی کی وجہ سے متاثر ہوئے تھے۔