لاہور(این این آئی) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کی سربراہی میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت تیار کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔غیر قانونی مذبخ خانہ سیل کرتے ہوئے بھاری مقدار میں مضر صحت گوشت برآمد کر لیا گیا۔
میٹ سیفٹی ٹیم نے بکر منڈی لاہور میں ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے نو ر دا ڈیرہ نامی غیر قانونی مذبح خانے کو سیل کردیا۔کارروائی کے دوران2 ہزار کلو تیار گوشت ضبط جبکہ بیمار اورلاغر 2 گائے، 2بھیڑیں، ایک بھینس اور ایک بچھڑا برآمد کیا گیا۔اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مضر صحت گوشت کی تصدیق کے لیے لگا ئی جانے والی جعلی مہریں بھی برآمد کر لی گئیں۔زیادہ منافع کے لالچ میں بیمار جانور خرید کر گوشت تیار کیا جاتا تھا۔ عرفان میمن کا مزید کہنا تھا کہ بیمار جانوروں کے گوشت کا استعمال انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہو سکتا ہے۔صحت مند اور معیاری گوشت کی فراہمی کے لیے مسلسل چیکنگ کی جاتی ہے۔انہوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ ہمیشہ مصدقہ جگہ یا اپنے سامنے تیار کیا گیا گوشت خریدیں۔گلی محلوں میں چھپ کر ناقص گوشت تیار کرنے والوں کی نشاندہی کریں۔عوام تک صحت بخش اشیائے خورونوش کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے۔