قمبر(این این آئی)سندھ میں صحت جیسی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے تو دوسری جانب قمبرمیں غریب محنت کش کے دو بچے گذشتہ پانچ سال سے جلد کی مہلک بیماری میں مبتلا ہیں ، بچوں کے علاج کیلئے دردر کی ٹھوکریں کھانے کے بعد والدہ نے سندھ حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔ضلع قمبر کی تحصیل لعلورائنک کے غریب محنت کش کے دوبچے معصوم حسین اور امان اللہ گذشتہ کئی سالوں سے جلد کی مہلک بیماری میں مبتلا ہیں۔ اپنے بچوں کے علاج کیلئے متعدد اسپتالوں کے
چکر لگانے اور ادوایات کے اخراجات اٹھانے کے بعد بچوں کے والدین کسی مسیحا کے منتظر ہیں ۔والدین کے مطابق ہمارے بچے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں ڈاکٹروں نے بچوں کو کراچی کے نجی اسپتال لیجانے کا مشورہ دیا ہے ، غریب محنت کش نے بتایاکہ اس مہلک بیماری میں مبتلا ہوکر اس کے دو بیٹے اور بیٹیاں پہلے ہی جان کی بازی ہار چکے ہیں سندھ حکومت اورپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوٹس لے کر بچوں کے علاج کیلئے ہماری مدد کریں۔