نئی دہلی(این این آئی)مہلک کورونا وائرس نے بھارت میں بھی دستک دے دی ہے۔ چین سے آئے دو بھارتی شہریوں میں کورونا وائرس کی ابتدائی علامات پائے جانے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکومت نے اس مہلک وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات شروع کردئیے ہیں اور سات اہم ہوائی اڈوں پر چین سے آنے والے تمام
مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کی جارہی ہے۔سرکاری حکام کا کہنا تھا کہ چین سے ممبئی پہنچے دو بھارتی شہریوں کی تھرمل اسکریننگ سے یہ شبہ ہوا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ ممبئی ہوائی اڈے پر ڈاکٹروں نے ان کی ابتدائی جانچ کی جس سے شبہ کو مزید تقویت ملی۔ جس کے بعد انہیں شہر کے کستوربا گاندھی اسپتال میں داخل کرادیا گیا۔ جہاں کورونا وائرس کے متاثرین کے لیے خصوصی وارڈ بنایاگیا ہے۔ حکام کے مطابق حکومت کوئی خطرہ مول لینا نہیں چاہتی تاہم ان دونوں مشتبہ متاثرین کی تفصیلی طبی جانچ رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جاسکتا ہے۔اس وقت بھات کے سات بین الاقوامی ہوائی اڈوں دہلی، ممبئی، کولکتہ، چنئی، بنگلورو، حیدرآباد اور کوچین میں بیرونی ممالک سے آنے والے تمام مسافروں کی تھرمل اسکریننگ کی جارہی ہے۔ چین سے آنے والے مسافروں پر خاص نگاہ رکھی جارہی ہے۔