لاہور( این این آئی ) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں ابھی تک کروناوائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ، نیوایئرمناکرچین سے پاکستان لوٹنے والے چینی شہریوں کی کڑی اسکریننگ ہوگی۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کا اوریجن چین سے مل رہا ہے ، اس وائرس میں مبتلامریضوں نے چین میں سفر کیا ہے ، یہ وائرس جانوروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتاہے۔چین میں540کروناوائرس کے مریضوں کی تشخیص ہوچکی ہے جبکہ اب تک 17لوگوں کی کرونا وائرس سے موت ہوچکی ہے، پاکستان میں ابھی تک کروناوائرس کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔معاون خصوصی نے کہا کہ ایک ہفتے میں 41پروازیں چین سے لاہور،کراچی اسلام آبادآتی ہیں، کروناوائرس سے نمٹنے کیلئے اہم ایئرپورٹس پر اسکریننگ سسٹم لگایاہے، چین سے آنے والے مسافربغیراسکریننگ ایئرپورٹس سے باہر نہیں جاسکتے۔انہوں نے کہا کہ سوست بارڈر چین اور پاکستان کا اہم انٹری پوائنٹ ہے، پاکستان میں اس وقت 19انٹری پوائنٹس ہیں ، کروناوائرس سے متاثرہ چینی شہر میں آنے جانے کی پابندی لگی ہے۔ڈاکٹر ظفرمرزا نے مزید کہا کہ چین کا نیا سال شروع ہوا ہے،پاکستان میں کام کرنے والے ابھی چین گئے ہیں لیکن جب چینی واپس آئیں گے تو کروناوائرس پاکستان آنے کا خطرہ ہے،نیوایئرمناکرچین سے پاکستان لوٹنے والے چینی باشندوں کی کڑی اسکریننگ ہوگی۔