لاہور( این این آئی)صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے پاک ریڈ کریسنٹ ٹیچنگ ہسپتال قصور میں جدید مشینری سے لیس لیبارٹری اور سٹی سکین مشین کا افتتاح کیا۔اس موقع پر سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل (ر) خالد مقبول و دیگر انتظامیہ نے صوبائی وزیر صحت کا استقبال کیا۔انتظامیہ نے افتتاحی تقریب کے دوران پاک ریڈکریسنٹ ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کو دیجانے والی طبی سہولیات بارے تفصیلات بیان کیں۔
صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کرکے مریضوں کی عیادت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک ریڈکریسنٹ ٹیچنگ ہسپتال کی انتظامیہ کو مریضوں کیلئے جدید لیبارٹری اور سٹی سکین مشین کی سہولت دینے پر سراہتی ہوں۔مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ نجی سیکٹرمیں مخیرحضرات بھی کوشاں ہیں۔حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں بھی جدید مشینری کے ساتھ علاج معالجہ کو یقینی بنایاجاتا ہے۔وزیر صحت پنجاب نے مزیدکہاکہ مریضوں کو ریلیف دینے کیلئے مخیرحضرات کو بھی بڑھ چڑھ کر خدمات پیش کرنی چاہیے۔اب تک صحت انصاف کارڈ کے ذریعے 700مریض اس ہسپتال سے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔صحت انصاف کارڈ کے حامل افرادکو پاک ریڈ کریسنٹ ٹیچنگ ہسپتال میں جدیداور بہترین علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔