اسلام آباد(این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں عوام کو ذلیل وخوار کرنے کی پالیسی تبدیل نہ ہو سکی‘نجی ٹی وی پر گزشتہ دنوں اس حوالے سے ایک مفصل رپورٹ بھی چلائی گئی تھی لیکن اعلی حکام نے اس کے باوجود کوئی ایکشن نہ لیا یا لیا بھی تو عملے کے سرپر جوں تک نہ رینگی‘ پمز میں آئے دور دراز سے لوگ مسلسل خوار ہونے لگے-جمعرات کے روزپمز میں آنے والے مریضوں کے لواحقین نے کہا کہ ہم لوگ صبح سے ادویات لینے کیلئے قطار میں کھڑے ہیں ابھی 11بج
گئے ہیں لیکن جہاں سے ادویات ملتی ہیں وہ کمرہ ابھی تک نہیں کھولا گیا‘ ادویات دینے والا صرف ایک آدمی ہے جس وجہ سے بہت پرابلم آ رہی ہے ‘ لوگوں نے سوال کیا کہ اتنے بڑے ہسپتال میں ادوات دینے کیلئے ایک شخص ناکافی ہے سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں کو بھگتانا ایک ملازم کے بس کی بات نہیں ہے-مردوں اور خواتین نے وزیراعظم ‘ وزیر صحت اور دیگر حکام سے اپیل کی ہے کہ خدا راہ صبح کے وقت پمز کا دورہ کر کے دیکھ لیں کہ یہاں آنے والے لوگوں کو کن مسائل سے گزرنا پڑتا ہے-