خالق نگر(این این آئی)ہیڈآف ڈیپارٹمنٹ پیڈزوارڈجناح ہسپتال لاہور پروفیسرڈاکٹرعائشہ تجمل نے کہا ہے کہ زیادہ موٹے بچوں میں دل کی بیماریاں جنم لے لیتی ہیں، جو بچے بہت زیادہ موٹے ہوتے ہیں ان کو پرائمری سکول کے دوران ہی امراض قلب میں مبتلا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام طور پر امراض قلب کا تعلق درمیانی عمر سے ہوتا ہے لیکن دو سے بارہ برس کی عمر کے بچوں میں بھی دل کی بیماریوں کے آثار پائے گئے ہیں۔
پروفیسرڈاکٹرعائشہ تجمل نے کہا کہ موٹاپا آج کل دنیا بھر میں ایک بڑھتا ہوا مسئلہ ہے جس سے بڑی تعداد میں لوگ کم عمری میں ہی متاثر ہو رہے ہیں۔ان کا مزیدکہنا ہے کہ بچوں میں موٹاپے سے کم عمری میں ہی دل کی بیماریاں ہونے کا خطرہ ہے۔ بچپن میں موٹاپے پرقابو پاکردل کی بیماری سے بچا جاسکتاہے۔پروفیسرڈاکٹرعائشہ تجمل کا مزیدکہنا ہے کہ بچوں کو دل کی بیماریوں سے بچانے کے لئے انہیں صحت مندغذائیں دی جائیں اور جسمانی ورزش پرزوردیا جائے۔