ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں امراض قلب کے علاج سے متعلق طبی ماہرین کی ایک ٹیم نے دارالحکومت ریاض میں واقع میں ایک مریض کے دل کے ٹرانسپلانٹ کا کامیاب آپریشن انجام دیا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ آپریشن شروع ہونے سے قبل مریض کی حرکت قلب 20 منٹ کے لیے بند ہو گئی تھی۔
نادر نوعیت کا یہ آپریشن مسلسل 12 گھنٹے تک جاری رہا۔میڈیارپورٹس کے مطابق مذکورہ سینٹر میں ہارٹ سرجری کے ڈائریکٹر اور سرجنز کی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر خالد القرنی نے واضح کیا کہ 46 سالہ مریض کو دل کی سنگین شکایت کے سبب مرکز لایا گیا۔ ضروری معائنے کے بعد مریض کو ہارٹ ٹرانسپلانٹ کی فہرست میں شامل کر لیا گیا۔ آپریشن کے روز مصنوعی بے ہوشی کے دوران مریض کا دل اچانک بند ہو گیا۔ طبی ٹیم نے فوری طور پر قلبی رئوی احیاء کا عمل شروع کر دیا تا کہ دل کی دھڑکن دوبارہ جاری ہو سکے۔ اس عمل میں 20 منٹ لگ گئے۔ اس دوران طبی ٹیم نے مریض کو ران کی شریان اور رگ کے ذریعے ہنگامی طور پر دوران خون کو سپورٹ کرنے والی مشین پر ڈال دیا۔اس کے دو گھنٹے بعد دل پہنچ گیا اور ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا پیچیدہ آپریشن انجام دیا گیا۔ آپریشن کامیاب رہا اور مریض کو اگلے روز ہوش آ گیا۔ بعد ازاں مریض کو میڈیکل ونگ میں منتقل کر دیا گیا جہاں وہ مکمل صحت یابی تک موجود رہے گا۔ڈاکٹر القرنی کے مطابق یہ استثنائی نوعیت کی طبی کامیابی ہے جو اللہ کے فضل سے ممکن ہوئی۔