نیویارک (این این آئی)تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آپ کے باس کا تلخ رویہ آپ کو دل کے عارضے میں بھی مبتلا کرسکتا ہے۔’انٹرنیشنل جرنل آف انوائرمنٹ ریسرچ اینڈ پبلک ہیلتھ’ میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسی نوکری جس کو ہم کرنا پسند نہیں کرتے اور جہاں آپ کو اپنے مینیجر باس پر بھروسہ نہیں یا پھر آپ کے باس کا رویہ تلخ ہے تو یہ آپ کو دل کے عارضے میں مبتلا کرسکتا ہے۔محققین نے 4 لاکھ ملازمین کو اس تحقیق میں شامل کیا جن میں وہ لوگ شامل تھے جنہیں اپنے مینیجر پر بھروسہ نہیں تھا وہ ان کے رویے سے
بھی مطمئن نہیں تھے۔تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی کہ ایسے ملازمین میں ذیابیطس، موٹاپا، ہائی کولیسٹرول، ہائی بلڈ پریشر اور تمباکو نوشی کی عادات پائی گئیں۔تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ اگر مینیجر یا باس ملازمین کی عزت نہیں کرتا اور ان کے ساتھ اچھا رویہ نہیں رکھتا تو ایسے ملازمین جلد ہی جان لیوا بیماری دل کے عارضے میں مبتلا ہوجاتے ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ اموات کی وجہ ہے۔ایسے مینیجرز کی وجہ سے ملازمین دباؤ کی کیفیت کا شکار ہوجاتے ہیں جو ہائی کولیسٹرول، ہائی بلڈ پریشر، اور دل کے عارضے کا سبب بنتا ہے۔