سرگودھا(این این آئی)سرگودھا میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے باعث محکمہ صحت نے سن سٹروک الرٹ جاری کر دیا۔ذرائع کے مطابق موسم گرما کی شدت میں اضافہ سے درجہ حرارت 40 سے 45 ڈگری تک پہنچ گیا جس میں مزید اضافہ ہو رھا ھے۔اس صورتحال محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ اگر
انسانی جسم کا درجہ حرارت 41 ڈگری پر پہنچ جائے تو موت واقع ہونے کے امکانات 90 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔ (موسمی درجہ حرارت نہیں انسانی جسم کا درجہ حرارت) اسی لئے شدید گرمی سے بزرگ لوگ بہت زیادہ متاثر ھوتے ھیں۔ لہذا بہتر ھے کے انتہائی احتیاط سے کام لیا جائے۔ڈاکٹرز نے احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کالا ، نیلا ، لال ، میرون ، جامنی اور گہرے رنگ والے کپڑے پہننے سے پرہیز کیا جائے اور انتہائی گرمی کے اوقات صبح 9 سے شام 6 بجے تک بلا ضرورت سفر سے گریز کیا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ سخت گرمی میں نمک کا کم سے کم استمعال کریں اور کالے رنگ کے اور مکمل بند جوتے کم سے کم پہنیں۔انہوں نے گرمی سے بچاو کے لئے ہدایت کی کہ سفید ، گلابی ، سبز اور ہلکے رنگ کے کپڑوں کا استعمال کریں اور گھروں سے نکلتے وقت گیلا تولیہ ضرور ساتھ رکھیں اگر ممکن نا ہو تو سر اور گردن کسی کپڑے سے ضرور ڈھانپیں اور کالے شیشوں والی عینک کا استعمال بھی کریں جبکہ پانی جس قدر ممکن ہو پئیں۔ٹھنڈے پانی کی بجائے گھڑے کا پانی یا تازہ نل کا پانی استعمال کریں ان سے پیاس کی شدت کنٹرول میں رہتی ہے۔جتنی بار ممکن ہو دن میں غسل کریں اور ہوا دار جوتا پہنیں جو کالے رنگ کا نہ ھو۔ڈاکٹرز نے زور دیا کہ اپنے گھروں میں یا قریب ہی درخت ضرور لگائیں جو موجودہ گرمی کو کم کریں گے۔موسم کے باعث طبیت خراب ہونے یا ضرورت پڑھنے پر اپنے معالج سے فوری رابطہ کریں۔