کوہاٹ(این این آئی) ضلع بنوں کے قبائلی سب ڈویژن میں پولیو سے متاثرہ ایک اور کیس رپورٹ ہونے کے بعد رواں سال کے دوران ضلع بنوں میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد تشویشناک حد تک بڑھ کر (7)جبکہ خیبرپختونخوا میں پولیوسے متاثرہ بچوں کی تعداد (15) اور ملک بھر میں تعداد (21) ہوگئی ۔
پولیوکے مقامی حکام کے مطابق خیبرپختونخواہ کے ضلع بنوں کے قبائلی سب ڈویژن وزیر اور بنوں شہر سے ملحقہ یونین کونسل تختی خیل کے گاؤں سیدگئی میں گیارہ ماہ کی ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔متاثرہ بچی غریب خاندان سے تعلق رکھتی ہے ۔ حکام کے مطابق خیبرپختونوا کے جنوبی ضلع بنوں میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعدادمیں آئے روز اضافہ کی وجہ سے صورتحال انتہائی گھمبیر ہوگئی ہے جہاں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد سب سے زیادہ (7) ہوگئی ہے جبکہ ملحقہ قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان میں 4بچے متاثر ہوچکے ہیں۔دو جنوبی اضلاع ہنگو اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاوہ دو قبائلی اضلاع خیبر اورباجوڑ میں بھی پولیو سے متاثرہ بچوں کی کل تعداد4 ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اب تک صوبہ سندھ اور پنجاب میں تین تین کیس جبکہ خیبرپختونخوا میں تعدادبڑھ کر 15 ہوگئی اور یوں ملک بھر میں رواں سال کے ابتدئی پانچ ماہ کے دوران پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد21تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں کہیں زیادہ اور باعث تشویش ہے۔