لاہور(این این آئی)وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کے ایک لاکھ ساٹھ ہزار سے زائدمریضوں کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرمیں ہیپاٹائٹس کے
مریضوں کی دیکھ بھال اورادویات کی فراہمی کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئرزاہداخترزمان، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹرعاصم الطاف،ڈی جی ہیلتھ سروسزپنجاب ڈاکٹرہارون جہانگیرخان، ایڈیشنل سیکرٹری فاطمہ شیخ اور ڈاکٹریداللہ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے مزیدکہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کاخاص خیال رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔صوبہ بھرمیں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے وافرمقدارمیں ادویات دستیاب ہیں۔ ہیپاٹائٹس کے تدارک کیلئے آگاہی مہم کاآغازکیاجاچکاہے۔ وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ ڈی جی ہیلتھ سروسزپنجاب اورتمام سی ای اوزکوسرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے علاج معالجہ اورادویات کی فراہمی کوخودمانیٹرکرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہیپاٹائٹس جیسی وباء کے تدارک میں ہم سب کواپناکلیدی کرداراداکرناہوگا۔