لاہور ( این این آئی) مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے دی جانے والی زکوۃ کی بندش کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ۔ قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی عدم دستیابی کے بعد غربا مساکین کے علاج معالجہ کیلئے دی جانے والی زکو ۃبند کردی گئی ہے، زکوٰۃ کی بندش سے مستحق
مریض سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ کی موجود سہولت سے محروم کر دیئے گئے ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں زکوۃ فنڈ کے ذریعے سے مستحق مریضوں کے علاج کا ایک بہترین ذریعہ تھا جسے بند کردیا گیا، زکوۃ کی بندش سے ہزاروں مستحق مریض مفت علاج کی سہولت سے محروم کردئے گئے ہیں۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں زکو ۃفنڈ سے مستحق مریضوں کو ملنے والی سہولت دوبارہ بحال کی جائے اور زکوۃ فنڈز ہسپتالوں کو جاری کئے جائیں۔