لاہور(این این آئی )وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد سے ملاقات میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی قیادت نے وزیرصحت پنجاب کے تمام فیصلوں کی حمایت کردی ہے۔ اس موقع پرسپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈہیلتھ کیئراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میاں شکیل اورپاکستان میڈیکل
ایسوسی ایشن کی تمام قیادت و پنجاب بھرسے آئے ممبران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہماری حکومت نے اقتدارمیں آنے کے فوری بعدڈاکٹروں کی ریکارڈبھرتیاں اورکئی سالوں سے ترقی کے منتظرڈاکٹرزکی ترقیاں کیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت بہتربنانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنزایکٹ کے حوالہ سے آنے والی تمام سفارشات و تجاویزکوسٹینڈنگ کمیٹی میں بھیجاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں نرسنگ کالجزقائم کئے جائیں گے۔ پنجاب کے تمام ہسپتالوں میں ایم ایس حضرات کی تعیناتیاں سوفیصدمیرٹ اورقابلیت کی بنیاد پرکی جارہی ہیں۔ اس موقع پر پی ایم اے کی قیادت نے کہا کہ سینئررجسٹرارزکی ترقی کے حوالہ سے وزیرصحت کے اقدام کوسراہتے ہیں۔ ڈاکٹروں کی ریکارڈبھرتی وترقی کیلئے وزیرصحت کی کاوش انتہائی عمدہ ہے۔ غربت کی لکیرسے نیچے گرجانے والے خاندانوں کیلئے صحت انصاف کارڈکااجراء انتہائی قابل ستائش اقدام ہے۔