لاہور(این این آئی )صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالو ں میں ڈاکٹرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے جلد نیا قانون متعارف کروائیں گے،پنجاب میں عطائیت کے نام پر غریب عوام کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا کھلواڑ برداشت نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشن کے زیر اہتمام 29ویں سالانہ بین الاقوامی
فیملی میڈیسن کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر وزیر ہاؤ سنگ میاں محمو دالرشد ، ڈاکٹر طارق محمود ، ڈاکٹر سعید احمد ، ڈاکٹر طاہر چوہدری ، ڈاکٹر عبدالرحمن ، ڈاکٹر احمد نوید بھٹی ، ڈاکٹر ناہید ندیم اور بین الاقوامی ڈاکٹرز علاوہ کے پاکستان بھر فیملی فزیشنز نے شرکت کی ۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پاکستان میں فیملی فزیشنز کا مستقبل محفوظ بنانے کے لئے جلد اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے جلد نیا قانون متعارف کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں پونے تین لاکھ ڈاکٹرز حضرات رجسٹرڈ ہیں ،پنجاب میں عطائیت کے نام پر غریب عوام کی صحت کے ساتھ کسی قسم کا کھلواڑ برداشت نہیں کریں گے،ہیلتھ کیئر کمیشن سے غیر رجسٹرڈ نام نہاد ڈاکٹرز کے خلاف سخت ایکشن لیاجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کررہے ہیں ۔پنجاب کے72لاکھ خاندانوں کے ساڑھے تین کروڑ عوام صحت انصاف کارڈ کے ذریعے مفت طبی سہولیات حاصل کرسکیں گے ۔وزیراعظم عمران خان کے حکم پر پنجاب کے سب سے غریب علاقے راجن پور سے صحت انصا ف کارڈ کا اجرا ء کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن کو ڈاکٹر حضرات کیلئے فائدہ مند بنانے کیلئے از سرنو انتظامی امور کو نمٹایاجائے گا ۔