ٹوکیو(نیوز ڈیسک ) دنیا بھر میں جاپانی اپنی لمبی عمر کی وجہ سے بہت مشہور ہیں لیکن ایسی کیا وجہ ہے کہ ان کی عمریں اتنی لمبی ہیں۔ جاپانی دنیا میں واحد قوم ہے جس کی اوسط عمر دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ جاپانی خواتین کی اوسط عمر 87 اور مردوں کی 80 سال ہے جو کہ
امریکیوں اور دیگر اقوام سے بہت زیادہ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ جاپانی اپنی عمر کے 75سال بغیر کسی معذوری کے گزار سکتے ہیں۔ آخر ایسی کیا بات ہے کہ جاپانی باقی دنیا سے بھی زیادہ اتنی دیر تک جیتے ہیں؟ اس بات کا جواب ‘نائومی موریاما’ نے حال ہی میں لکھی گئی کتاب میں دیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ جاپانیوں کی کھانے پینے کی عادات بہت زیادہ صحت مندانہ ہیں اور جس کی وجہ سے ان کی عمر لمبی ہوتی ہے اور وہ بہت ہی کم بیمار ہوتے ہیں۔ وہ لکھتی ہیں کہ جاپانی غذاؤں میں بہت کم حرارے ہوتے ہیں جبکہ مچھلی، سبزیاں اور بہت ہی کم مرچوں کے استعمال کی وجہ سے جاپانی صحت مند رہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جاپانی افراد خصوصاًخواتین بالکل بھی موٹی یا جلد بوڑھی نہیں ہوتیں۔ انہوں نے مختلف جاپانی ڈشوں مثلاً سوشی وغیرہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان تمام غذاؤں میں بہت زیادہ غذائیت موجود ہے جبکہ یوری یا امریکی کھانوں میں شاذوناذر ہی ہمیں صحت مندانہ رجحان ملتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ جاپانی زیادہ لمبی عمر پاتے ہیں۔