کراچی(این این آئی)صبح کی چائے پینا تقریبا ہر شخص کے معمولات زندگی میں شامل ہے البتہ وہ افراد جو چائے کے بالکل شوقین نہیں ہوتے وہ صبح کی چائے بھی نہیں پیتے تاہم ماہرین نے اب اس کا ایک حیرت انگیز فائدہ بتا یا ہے۔ایک تحقیق کے مطابق روز صبح کی چائے پینا بھولنے کے مرض سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔سنگا پور کی یونگ لو لین اسکول آف میڈیسن میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے صبح کی
چائے بڑھاپے میں مختلف دماغی امراض جیسے ڈیمینشیا یا الزائمر کے خطرے میں 50 فیصد تک کمی کرسکتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چائے کے پتوں میں شامل مختلف حیاتیاتی کیمیائی اجزا طویل المدتی فوائد دے سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اس کے فائدہ مند اثرات بڑھاپے میں ظاہر ہوتے ہیں۔یہ اجزا دماغ کی رگوں کو خرابی اور دماغی خلیات کو تنزلی کے عمل سے محفوظ رکھتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے ان نتائج کو مزید پرکھنے کے لیے مزید وسیع پیمانے پر تحقیق اور معلومات اکٹھا کرنے کی ضرورت ہے۔