راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب کے صوبائی وزیرخوراک بلا ل یاسین نےراولپنڈی میں کمرشل مارکیٹ اور فوڈ سٹریٹ میں دو ہوٹلوں کا اچانک دورہ کیا ۔اس موقع پرانہوں نے سیور فوڈز اور کے ایف سی کمرشل مارکیٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری گھی استعمال کرنے پر مجموعی طور سات لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
صوبائی وزیرکے ایف سی ، کمرشل مارکیٹ اور سیور فوڈز، فوڈ سٹریٹ کے کچن میں گئے ، اشیائے خوردنی کا معیار چیک کیا اور کچن کام کرنے والے ملازمین کی صفائی کا بھی جائز لیا۔صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلا ل یاسین نے کچن ملازمین کے دستانے نہ پہننے پر، فریزر میں محفوظ اشیا پر تا ریخ درج نہ کرنے پر اور غیر معیاری گھی استعمال کرنے سیور فوڈز پرفوڈ سٹریٹ پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ۔
بلال یاسین کے ایف سی کمرشل مارکیٹ کے کچن میں گئے اور ناقص کوکنگ آئل میں اشیا فرائی کرنے پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس موقع پر ڈائر یکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل، ڈائر یکٹر آپریشنز رافعہ حیدر، ڈپٹی ڈائریکٹر فرخ علی اور فوڈ سیفٹی آفیسر پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی عدنان اکرام اور دیگر
افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک پنجاب بلا ل یاسین نے کہاکہ ملاوٹ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور راولپنڈی کے باسیوں کو اعلی معیار کی صحت مند خوراک کی فراہمی کویقینی بنایاجائے گا۔