ہیڈن۔۔۔۔ امریکی ریاست ایداہو میں دو سالہ بچے کے ہاتھوں اس کی ماں کی ہلاکت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔یہ واقعہ ریاست کے شمالی شہر ہیڈن میں ایک وال مارٹ سٹور میں اس وقت پیش آیا جب بچے نے اپنی والدہ کے پرس میں موجود پستول نکال لی۔پولیس کے مطابق مذکورہ بچہ پرس میں ہاتھ ڈال کر کچھ تلاش کر رہا تھا کہ اس کے ہاتھ میں پستول آ گئی اور پھر اس سیگولی چل گئی۔عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی کیمروں سے حاصل کی گئی فوٹیج کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ گولی چلنے کا یہ واقعہ اتفاقیہ تھا۔پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والی خاتون حادثے کے وقت کئی بچوں کے ہمراہ دکان میں آئی تھی۔ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ واقعے کے وقت خاتون اور بچے دکان کے عقبی حصے میں موجود تھے اور گولی لگنے سے خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی ہے اور اس کے پاس ہتھیار رکھنے کا لائسنس تھا۔اس واقعہ کی وجہ سے وال مارٹ کی اس دکان کو فی الحال بند کر دیا گیا ہے۔مقامی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ ہلاک ہونے والی خاتون مقامی نہیں اور علاقے میں بطور مہمان آئی تھی۔