عمران خان اور امیر جماعت اسلامی سراج الحق کے درمیان ماضی میں دیئے گئے بیانات پر گفتگو ہوئی_ سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کا یہاں آنا ہمارے لیے عزت کا باعث ہے، دونوں کے تعلقات سے متعلق میڈیا میں جو خبریں چلیں اس کا ہم نے کوئی اثر نہیں لیا بلکہ آج کی ملاقات کےبعد باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اوریہ مذاکرات میرے اور عمران خان کے درمیان نہیں بلکہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے درمیان تھے کیونکہ یہ دو افراد کی نہیں دو تحریکوں کی بات چیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کےدرمیان جو قدر مشترک ہے وہ ملک سے اسٹیٹس کو کا خاتمہ اور موجودہ نظام کےبجائے ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام ہے۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کا پہلے دن سے ہی اسلامی فلاحی ریاست کا نظریہ ہے جس پر دونوں جماعتوں کی سوچ میں کوئی فرق نہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ نظریاتی طور پر بہت قریب ہیں، خیبرپختونخوا میں ہمارے تعلقات بہترین ہیں اور حکومت بہتر طریقے سے چل رہی ہے۔