کراچی ۔۔۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی جانب سے لفظ مہاجر کو گالی قرار دینے کے خلاف ایم کیو ایم کی یوم سیاہ کی اپیل پرکراچی اور حیدر آاباد شہر میں مکمل کاروبار بند ہے اور ہو کا عالم ہے جبکہ شہر تمام کاروباری و تجارتی مراکز لیاقت مارکیٹ، مونی بازار، کلاتھ مارکیٹ، مسجد روڈ لال بلڈنگ، کچہری روڈ، مارکیٹ روڈ، قاضی احمد روڈ سمیت دیگر چھوٹے بڑے بازار مکمل بند ہیں ، جبکہ اندرون سندھ چلنے والی ٹرانسپورٹ بھی مکمل بند ہے جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ، جبکہ کسی بھی ناخوشگوارواقعہ سے نمٹنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری بھی شہر کے مختلف علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہے ۔ یوم سوگ کے باعث جامعہ کراچی میں آج ہونے والے انٹری ٹیسٹ ملتوی کر دیئے گئے ہیں جس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم کی جانب سے آج شاہراہ قائدین اور شارع فیصل کے سنگم پر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔دوسری جانب حیدرآباد، میرپور خاص، ٹنڈو آدم، سکھر، نواب شاہ، سانگھڑ، پڈعیدن، دولت پور، دوڑ، بدین اور ننگرپارکر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی یوم سیاہ منایا جا رہا ہے ، اندرون سندھ چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے مقامی رہنما اور کارکنان اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں اور خورشید شاہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔