کراچی: پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے پیپلز پارٹی کارکنوں اور عوام کو بھیڑ بکریاں اور زندہ لاشیں قرار دیکر عوام کی توہین کی۔ وہ اپنے بیان پر فوراً عوام اور پیپلز پارٹی سے معافی مانگیں۔ یہاں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بدتمیزی کا لائسنس ملا ہوا ہے۔ وہ ہمارے قائدین اور کارکنوں کی توہین بند کریں۔ وہ بدتمیزی کی سیاست کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں ہر گز یہ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ 18اکتوبر کو کراچی میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہو گا جس میں لاکھوں لوگ شریک ہوں گے۔ ہمارے جلسے کسی کی ڈکٹیشن پر نہیں ہوتے۔ ہم کسی کی عزت کرتے ہیں۔ تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ بدتمیز پر اتر آئے۔ عمران سیاست کریں مگر عوام کا تمسخر نہ اڑائیں۔ انہوں نے بتایا کہ جلسے میں آئندہ کے لیے پیپلز پارٹی کا لائحہ عمل بتائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جلسہ کے روٹس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے موجود ہوں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہمیں ڈر کے عوام کے رش کے باعث کہیں کراچی سڑکیں کم نہ پڑ جائیں ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پیپلز پارٹی کے جلسہ پٹواریوں کے ذریعے نہیں کروائے جاتے۔