کولکتہ (این این آئی)بھارتی گلوکار سونو نگم کولکتہ میں اپنے کنسرٹ کے دوران مداحوں کے رویے پر ناراض ہوگئے اور شور مچانے والوں کو شو چھوڑ کر جانے کا کہہ دیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سونو نگم کی پرفارمنس کے دوران غیر متوقع صورتحال پیش آئی، جس کے باعث انہیں خود سامعین کو کنٹرول کرنا پڑا۔کچھ افراد کے کھڑے ہونے پر انہوں نے انہیں بیٹھنے کی ہدایت دی اور کہا، اگر کھڑے ہونے کا اتنا شوق ہے تو الیکشن میں کھڑے ہو جا، براہ کرم بیٹھ جا، وقت ضائع ہو رہا ہے، یا تو بیٹھ جا یا جگہ خالی کر دو۔سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جبکہ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا ہے، کچھ صارفین نے سونو نگم کے رویے کی حمایت کی، جبکہ کچھ نے انتظامیہ پر تنقید کی۔
ایک صارف نے کہا کہ انتظامیہ کی نااہلی کی وجہ سے سونو نگم کو خود معاملات سنبھالنے پڑے، جبکہ ایک اور صارف کے مطابق، وہ اس واقعے کے عینی شاہد تھے اور سونو نگم غصے میں نہیں تھے بلکہ سامعین کو نظم و ضبط قائم رکھنے کا کہہ رہے تھے، جبکہ کولکتہ پولیس بے حس تماشائی بنی رہی۔