ممبئی (این این آئی)بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کا ممبئی میں گھر ‘منت’ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے ‘کنٹرول’ ہونے لگا۔شاہ رخ خان کا ممبئی کے پوش علاقے باندرہ میں قائم گھر ‘منت’ عالیشان محل کہلاتا ہے اور اس 6 منزلہ بنگلے میں گھر، اسٹوڈیو سمیت اہم نوادرات بھی موجود ہیں۔
بالی وڈ اداکار کی اہلیہ گوری خان انٹیرئیر ڈیزائنر ہیں اور وہ اپنے گھر کی تزئین و آرائش بھی خود کرتی ہیں تاہم اب انہوں نے خود ہی گھر کے معاملات دہلی سے کنٹرول کیے جانے کا انکشاف کیا ہے۔اپنے ایک انٹرویو میں گوری خان کا کہنا تھا کہ دہلی میں رہائش پذیر ان کی والدہ سویتا ان کے گھر کا انتظام کنٹرول کرتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ والدہ مسلسل ‘منت’ کے اسٹاف سے کالز اور واٹس ایپ کے ذریعے رابطے میں رہتی ہیں اور صفائی سمیت ہر چیز کی دیکھ بھال کا جائزہ لے رہی ہوتی ہیں۔گوری خان کا کہنا تھا کہ والدہ واٹس ایپ اور تصاویر کے ذریعے ملازمین کو بتاتی ہیں کہ کون سی جگہ گندی ہے اور کہاں صفائی کی ضرورت ہے، اس سے وہ مصروف بھی رہتی ہیں اور میرا اسٹاف بھی چوکنا رہتا ہے۔لاک ڈاؤن کی مصروفیات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران باہر کا کھانا منع تھا تو شاہ رخ خان نے کچن سنبھالا اور طرح طرح کے کھانے بنائے۔خیال رہے کہ شاہ رخ خان کا شمار بالی وڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے تاہم ابھی ان کے پاس کوئی فلم نہیں ہے اور لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے زیادہ تر وقت فیملی کے ساتھ گزارا۔