ممبئی (آن لائن) بالی وڈ اسٹار سلمان خان کا 38 سالہ بھتیجا عبداللہ خان انتقال کرگیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کے 38 سالہ بھتیجے عبداللہ خان کے حوالے سے خبریں تھیں کہ اْن کا انتقال کورونا وائرس کے باعث ہوا ہے۔
تاہم خاندانی ذرائع نے مہلک وائرس سے موت کی تردید کرتے ہوئے انتقال کی وجہ دل کا عارضہ قرار دیا ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عبداللہ خان دل اور ذیابیطس کے عارضے میں مبتلا تھے اور طبیعت کی ناسازی کے باعث کئی روز سے ممبئی کے دھیرو بھائی امبانی اسپتال میں زیر علاج تھے۔اس دوران سلمان خان اسپتال میں تیمارداری کے لیے پہنچے تو انہیں لیلاوتی اسپتال منتقل کیا جہاں وہ گزشتہ روز دوران علاج چل بسے۔رپورٹس کے مطابق عبداللہ خان بالی وڈ اسٹار کے دور کے رشتے دار تھے لیکن وہ سلمان کے انتہائی قریب سمجھے جاتے تھے۔گزشتہ دنوں سلمان خان نے ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی جس میں انہوں نے عبداللہ کو اٹھا کر تعارف کرایا اور آخر میں کہا کہ ’’اتر جاؤ چچا کا کندھا توڑو گے کیا‘‘۔دوسری جانب سلمان خان نے بھی بھتیجے کے انتقال پر سوشل میڈیا پر ان کے ساتھ کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم ہمیشہ آپ سے پیار کریں گے۔