کراچی (این این آئی)ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی پاکستانی اداکارہ مہوش حیات نے گزشتہ روز امریکی فضائی حملے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کی مذمت کی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مہوش حیات نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’یقین نہیں ہو رہا کہ نئے سال کے 72 گھنٹے گزرنے کے بعد ہی دنیا جنگ کے دہانے پر کھڑی ہے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’ایسا تب ہی ہوتا ہے جب آزاد ممالک کے رہنماء بین الاقوامی قوانین اور حالات کی پرواہ کئے بغیر یکطرفہ فیصلے کرتے ہیں اور یہ صرف ایران اور امریکا تک ہی محدود نہیں، اللہ ہماری حفاظت کرے۔‘مہوش حیات اپنے ٹوئٹ کے آخر میں ہیش ٹیگ ’سلیمانی‘ بھی لکھا۔مہوش کے ٹوئٹ پر ایک صارف نے خواتین کی بین الاقوامی امور کو سمجھنے کی صلاحیت پر سوال اٹھایا تو مہوش کی جانب سے بھی جوابی کارروائی سامنے آئی ایک صارف نے مہوش کے ٹوئٹ پر طنزیہ جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’کب سے خواتین نے بین الاقوامی امور میں دلچسپی لینا شروع کیا ہے۔‘مہوش نے صارف کو جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’ فرانس کی عظیم خاتون جون آف آرک، حسن و خوبصورتی کی شاہکار قدیم مصری ملکہ قلوپطرہ، برطانیہ کی پہلی خاتون وزیرِاعظم مارگریٹ تھیچر اور پاکستان کی واحد خاتون وزیر اعظم بینظیر بھٹو شہید کا نام لیتے ہوئے کہا کہ یہ تو محض چند نام ہیں۔انہوں نے صارف کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت آن پہنچا ہے کہ آپ اپنی اس چھوٹی جگہ سے باہر آ جائیں جہاں آپ رہ رہے اور کافی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔