لاہور(این این آئی)خوبرو اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ آج کے دور میں تنقید کرنا سب سے آسان کام ہے ، موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ صرف تنقید نہ کی جائے بلکہ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے سب متحد ہوں اور از سر نو پالیسی مرتب کی جائے ۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احسن خان نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ لاہور فلموں اور ڈراموں کا گڑھ تھا لیکن یہ خوش آئند ہے کہ یہاں زوال نے ڈیرے ڈالے تو کراچی نے فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کو
سہارا دیا ۔سرمایہ کاروں نے مشکل وقت میں رسک لیا جس سے دونوں شعبوں کو تقویت ملی ہے۔ فلمیں بننے سے نئے سرمایہ کار بھی اس جانب راغب ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے پانچ سالوں میں کراچی میں بننے والی فلموں نے شاندار بزنس کر کے ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ تنقید ضرور کی جائے لیکن یہ اصلاح پر مبنی ہونی چاہیے اور اس کے ساتھ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے بھی حصہ ڈالا جائے۔