اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف سٹیج اداکارہ شیزہ بٹ پر قاتلانہ حملہ، نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائر کھول دئیے۔ تفصیلات کے مطابق معروف سٹیج اداکارہ شیزہ بٹ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئی ہیں۔ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے شیزہ بٹ کی گاڑی پر تھیٹر سے ہوٹل جاتے ہوئے فائر کھولے۔ فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ شیزہ بٹ کے خاوند عبدالمجید کی مدعیت میں تھانہ جنگ بازار میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بھی اداکارہ شیزہ بٹ پر فائرنگ کی گئی تھی۔شیزہ بٹ نے
قاتلانہ حملے کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ جب بھی فیصل آباد آتی ہیں، انہیں فون کرکے ہال کے اندر سے دھمکیاں دی جاتی ہیں کہ اتنا بھتہ دو ورنہ تمہارا انجام بھی قسمت بیگ والا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جب متعلقہ پولیس کو مطلع کیا جاتا ہے تو وہ بھی تعاون نہیں کرتی حالانکہ تھیٹر کی سیکورٹی متعلقہ تھانے کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس معاملے پر رانا ثناءاللہ سےمدد کی اپیل بھی کی تھی، شیزہ بٹ کا کہنا تھا کہ اگر یہی حالات رہے تو وہ خوف کے سائے میں کیسے پرفارم کر سکتی ہیں۔