لاہور( این این آئی)گلوکارہ شبنم مجید نے کہا ہے کہ مجھے ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہو چکی ہے لیکن میرا اصل شعبہ موسیقی ہے ، میرے خیال میںمیں ایک اچھی اداکارہ ثابت نہیں ہو سکتی اس لئے ڈراموں اور فلموں میں پیشکش کے باوجود کام نہیں کیا۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ جب میں نے گلوکاری شروع کی تھی تو میرے گمان میں بھی نہیں تھاکہ
مجھے اتنی شہرت ملے گی ۔موسیقی میرے خون میں رچی بسی ہے اور مجھے اس شعبے سے اسی طرح پیار ہے جیسے کسی کو اپنے بچوں سے محبت ہوتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گائیکی اور قوالی میں استاد نصرت فتح علی خان کا کوئی ثانی نہیں، میں نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے جو آج میرے کام آرہا ہے ۔ استاد نصرت فتح علی خان جیسے گلوکار صدیوں میںپیدا ہوتے ہیں۔