راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی میں کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا،تھانہ روات کے علاقہ میں واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 8 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد کیا گیا ،تھانہ روات پولیس نے متاثرہ بچی کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا۔متن کے مطابق خان پور کٹورہ رحیم یار خان میں بچی کو پڑوسن ڈاکٹر کے کہنے پر بچی کو راولپنڈی ماہانہ 6 ہزار تنخواہ پر بھیجا تھا۔ والد نے موقف اختیار کیاکہ آٹھ سالہ بیٹی کو پڑوسن ڈاکٹر کے بیٹی واقع راولپنڈی میں انکے گھر بچوں کی نگہداشت کیلئے بھیجا تھا، پچیس اور 26 اگست کی رات بختاور اور اسکے شوہر نے میری بیٹی پر وحشیانہ تشدد کیا جسے انکی کہنی کی دو ہڈیاں ٹوٹی ہیں، میری بیٹی کے سر کے بال کاٹے گئے اور حبس بھیجا میں رکھا گیا۔
والد نے بتایاکہ تشدد کے باعث میری بیٹی کے سر پر زخم کے نشانات پائے گئے، میری بچی بختاور کے گھر سے بھاگ کر خانپور کٹورہ کے بجائے خان پور ڈیم پہنچ گئی۔ والد نے بتایا کہ خان پور ڈیم سے گاؤں کے لوگوں نے بچی کی حالت بارے آگاہ کیا، بچی کے مطابق اسے اس سے قبل بھی مارا پیٹا گیا لیکن اس بار زیادہ تشدد کیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے تفتیش کی جارہی ہے۔