اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب میں میٹرک کے طلبہ کو ای بائیکس دینے کیلئے تصدیقی مرحلہ شروع، 16 سے 18 سال کے طلبہ اہل قرارپنجاب حکومت نے میٹرک کے طلبہ و طالبات کو الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کے منصوبے پر عملی پیش رفت کرتے ہوئے
درخواست گزار طلبہ کے کوائف کی جانچ پڑتال کا عمل شروع کر دیا ہے۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے ای بائیک اسکیم میں درخواستیں جمع کرانے والے طلبہ کا ریکارڈ متعلقہ تعلیمی اداروں کے سربراہان کو بھجوا دیا گیا ہے۔ اسکول ہیڈز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نہم اور دہم جماعت کے طلبہ کے کوائف کی تصدیق مکمل کریں۔محکمہ تعلیم نے تمام اسکول سربراہان کو پابند کیا ہے کہ وہ طلبہ کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال 24 گھنٹوں کے اندر مکمل کرکے تصدیقی رپورٹ دوبارہ متعلقہ حکام کو ارسال کریں۔حکام کے مطابق ای بائیک اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے 16 سے 18 سال تک عمر رکھنے والے طلبہ و طالبات اہل ہوں گے، جبکہ بائیکس کی فراہمی کا فیصلہ صرف تصدیق شدہ ریکارڈ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
محکمہ اسکول ایجوکیشن کے مطابق پنجاب بھر سے بڑی تعداد میں طلبہ پہلے ہی ای بائیک اسکیم کے تحت درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔ اب ان درخواستوں کی تصدیق کا مرحلہ تیز رفتاری سے مکمل کرنے کیلئے اسکول انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔



















































