اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات سستی ہونے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
کاروباری ہفتے کے آغاز پر عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں دباؤ کا شکار رہیں۔ ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ سے خام تیل کی سپلائی میں اضافے اور جی سیون ممالک کی جانب سے ہنگامی ذخائر سے خام تیل اور ڈیزل مارکیٹ میں فراہم کرنے کے فیصلے نے قیمتوں میں کمی میں کردار ادا کیا ہے۔تاہم ایران جنگ کے باعث خلیجی ممالک میں تیل کی تنصیبات کو مزید نقصان پہنچنے کے خدشات کے پیش نظر عالمی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال بدستور برقرار ہے، جس کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری رہنے کا امکان ہے۔تازہ کاروباری صورتحال کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 35 سینٹ یعنی 0.34 فیصد کم ہوئی، جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 101.90 ڈالر ہوگئی۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی بھی 62 سینٹ یعنی 0.68 فیصد کمی کے بعد 90.49 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے برینٹ کی قیمت میں ہونے والا بیشتر اضافہ بھی حالیہ کمی کے بعد ختم ہوگیا، جبکہ ڈبلیو ٹی آئی کی ہفتہ وار قیمت میں مجموعی طور پر 1.6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں اس کمی کے پیش نظر پاکستان میں آئندہ قیمتوں کے تعین کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ کم ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔



















































