لاہور (نیوز ڈیسک)ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے خواہشمند شہریوں کے لیے لاہور میں نئی سہولت متعارف کرادی گئی ہے، جس کے تحت اب مفت میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ شہر کے سرکاری ہسپتالوں میں قائم خصوصی کاؤنٹرز سے حاصل کیا جاسکے گا۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہریوں کو میڈیکل سرٹیفکیٹ کے لیے اضافی اخراجات سے بچانے اور لائسنس بنوانے کے عمل کو آسان بنانے کے لیے سرکاری ہسپتالوں میں مفت میڈیکل کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ سہولت ڈی ایچ کیو میاں میر ہسپتال، ڈی ایچ کیو مزنگ، جنرل ہسپتال غازی آباد، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سبزہ زار، گورنمنٹ ہسپتال سمن آباد، گورنمنٹ جنرل ہسپتال قلعہ گجر سنگھ اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال شاہدرہ میں دستیاب ہوگی۔
اسی طرح تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال بلال گنج، گورنمنٹ ہسپتال سوڈیوال، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال کاہنہ، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال رائیونڈ اور گورنمنٹ آئی اینڈ جنرل ہسپتال سوامی نگر شالیمار بھی مفت میڈیکل سرٹیفکیٹ جاری کرنے والے مراکز میں شامل ہیں۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق مجموعی طور پر 13 سرکاری مراکز اس سہولت کا حصہ ہیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے لیے درخواست دینے والے افراد جبکہ 50 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کے لیے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ متعلقہ افراد مقررہ سرکاری ہسپتالوں میں قائم کاؤنٹرز سے بلا معاوضہ سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب جعلی میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس کے سدباب کے لیے ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے پر بھی کام جاری ہے۔ اس مقصد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس مینجمنٹ سسٹم (DLIMS) کو محکمہ صحت کے آن لائن نظام سے منسلک کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
مجوزہ طریقہ کار کے تحت سرکاری ہسپتالوں کی جانب سے جاری کیے گئے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس براہ راست محکمہ صحت کے پورٹل پر اپ لوڈ کیے جائیں گے، جس سے متعلقہ حکام کے لیے ان کی آن لائن تصدیق ممکن ہوسکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس اور محکمہ صحت کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کے ذریعے میڈیکل سرٹیفکیٹس کی جانچ کا عمل مزید مؤثر بنایا جاسکتا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق ڈیجیٹل ویری فکیشن سے نظام میں شفافیت اور جوابدہی بہتر ہونے کے ساتھ جعلی سرٹیفکیٹس کے استعمال کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔



















































